و رفعنا لک ذکرک محمدﷺ

April 19,2019, ,Weather : °

Fajr:, Dhuhr:, Asr:, Maghrib:, Isha:

متقی کون ہے؟

15 May 2018
متقی کون ہے؟

جاوید انور

 ہجری  1439 کا رمضان شروع ہونے میں اب صرف چند روز باقی ہیں ۔ رمضان کا پا لینا انتہائی خوش قسمتی کی بات ہے۔ہماری روحانی قوت کا انحصار اس پر ہے کہ ہم نے اپنی زندگیوں میں رمضان کا مہینہ کتنا بامقصد اور اللہ کے دئے ہوئے تربیتی نصاب کے عین مطابق گزارا ۔اللہ تعالیٰ نے رمضان کے روزوں کا مقصد یہ بتایا ہے کہ اس سے تقویٰ کی صفت پیدا ہوتی ہے۔یعنی اللہ تعالیٰ ماہ رمضان کے نصاب تربیت سے ہمیں متقی بنانا چاہتا ہے۔’’اے لوگو جو ایمان لائے ہو، تم پر روزے فرض کر دیے گئے، جس طرح تم سے پہلے انبیا کے پیروؤں پر فرض کیے گئے تھے۔ اس سے توقع ہے کہ تم میں تقویٰ کی صفت پیدا ہوگی۔‘‘ (سورۃ البقرہ 183) 
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ تقویٰ کیا چیز ہے اور متقی کون لوگ ہوتے ہیں؟
قرآن کے مطالعہ کے بعد ہم یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ہمارے ذہن میں متقی لوگوں کا جو نقشہ ہے وہ قرآن کے متقی سے بہت مختلف ہے۔ جب ہمارا تصور تقویٰ ہی مختلف ہو تو رمضان کا مقصد پورا نہیں ہوتا۔اور یہی وجہ ہے کہ اپنی زندگیوں میں رمضان کے بار بار آنے کے باوجود تقویٰ کی صفات پیدا نہیں ہوتی ہیں۔
جب متقی انسان کا تصورہم اپنے ذہن میں لاتے ہیں تو اس کا نقشہ کچھ یوں ہوتا ہے,لمبی اور کبھی نہ ترشوائی ہوئی داڑھی،کرتا، پائجامہ اور شیروانی یا شلوار قمیص، لمبا جبہ، یا عربی لباس میں ایک شخص جو اپنے پائنچے کبھی نیچے نہیں ہونے دیتا، سر پر ہر وقت ٹوپی ہوتی ہے، جو صبح صبح روز کئی سپارے ختم کرتا ہے،نوافل،اشراق وتہجد کا باضابطہ اہتمام کرتاہے،مسجد میں وقت سے پہلے جاتا ہے اور نماز کے بعد بہت دیر تک وہیں بیٹھ کر اذکار وظائف میں مصروف رہتا ہے، اور ہر روزہزاروں کی تعداد میں مختلف وظائف پڑھتاہے۔ اس کی جیب میں ایک مسواک ہے جو ہر وضو سے پہلے کرتا ہے ،بلکہ ہر نماز شروع ہونے سے پہلے مسواک کو دوبار دانتوں پر پھیرتا ہے۔ اس کے پاس چمڑے کے موزے ہوتے ہیں،جن پر وہ مسہ کرتا ہے۔ سال میں چالیس دن کا ایک چلہ لگاتا ہے، عمر میں چار ماہ کا ایک چلہ لگا چکا ہے ۔ یا یہ کہ وہ شخص ماہ میں کم از کم ایک بار میلاد شریف اور نعتیہ مجلس کا اہتمام کر تا ہے اور دوستوں کے ساتھ ایک دیگ بریانی کااہتمام کر تا ہے، یا یہ کہ وہ شخص زبردست درس قرآن دیتا ہے، تقریر کرتا ہے اور بیان دیتا ہے۔یا یہ کہ وہ مستقل کسی حلقہ یا مجلس کا اہتمام کرتا ہے، اس کے ہاتھ پر لوگ بیعت کرتے ہیں، یا یہ کہ وہ کسی بڑے شیخ یا پیر کا مرید ہے۔ اپنے کسی ''بزرگ''، ''مولانا''، ''مفتی'' ، ''اعلیٰ حضرت''، ''پیر'' '' یاشیخ الاسلام'' کے بتائے ہوئے نصاب کے مطابق وظائف کر رہا ہے،مراقبہ کر رہا ہے،الحق الحق کی صدائیں بلند کر رہا ہے، دل پر لا الہ الااللہ کی ضرب لگا رہا ہے۔۔آنکھ بند کر کے اندھیرے کمرے میں اللہ اللہ کی گونج ہے۔ ایک اور متقی لوگ وہ ہیں جو پہلی محرم سے چالیس دنوں تک ماتم کی مجالس کرتے ہیں۔کچھ اور متقی لوگ ہیں جو بڑے سرگرم مذہبی اور سیاسی کارکن ہیں، جلسہ جلوس، لوگوں کو جمع کرنا اور پروگرامات کی ترتیب میں بہت مہارت رکھتے ہیں، لیکن ان کی تمام سرگرمیوں میں ذاتی، مسلکی، اور جماعتی شہرت اور اپنی پرچم کشائی کا رجحان غالب ہوتا ہے۔
متقی اور تقویٰ کے حوالے سے آپ کے ذہن میں جتنے بھی تصورات ہیں اس کی ایک فہرست بنا لیں۔اب اس کے بعد قرآن ایک بار پڑھ جائیں۔عربی نہیں آتی تو کسی ترجمہ کے ساتھ پڑھ جائیں۔ اس دو فہرستوں میں موازنہ کر کے دیکھیں کی کیا کیا چیز یں مشترک ہیں۔یعنی آپ کی متقی والی صفات کی فہرست اور قرآن کے متقی والی صفات کی فہرست، ان دونوں میں کتنی یکسانیت اور کتنا اشتراک پایا جاتاہے۔
میں آپ کی آسانی کے لیے متقی اور تقویٰ کی صفات رکھنے والوں کی قرآنی فہرست بنا دیتا ہوں۔۔
(1)اللہ سے ڈرنے والے 43:63متعدد آیات(2)غیب پر ایمان لانے والے، 2:3(3)نماز قائم کرنے والے2:3, 8:3, 30:31، (4)خرچ کرنے والے (زکوٰۃ و صدقات، سائل اور محروم پر،؛ اللہ کی راہ میں، یتیموں، بیواؤں، مسکینوں، اور حاجت مندوں پر، اور اللہ کے کام میں مصروف ہو جانے والوں پر) متعدد 2:3, 3:8, 18:51,3:19(5) قرآن اور اس سے قبل کی تمام آسمانی کتابوں پر ایمان لانے والے 2: 4(6) آخرت پر ایمان لانے والے2:4 (7) روزہ دار (8) 2:183صبر کرنے والے 3:18 (9) راستباز 3:18 (10)ہر حال میں اپنا مال خرچ کرنے والے، خواہ بدحال ہوں یا خوش حال 3:134 (11) دوسروں کے قصوروں کو معاف کر نے والے 3:134(12) گناہ کے ارتکاب اور ظلم پر فوراً اپنے قصوروں کی معافی چاہنے والے 200:135, 7:3(13)دیدہ و دانستہ اپنے کئے (گناہ اورظلم پر) پر اصرار نہ کرنے والے۔ 3:135 (14)بیویوں اور شوہروں کے ساتھ احسان اور خدا ترسی سے کام لینے والے۔4:128(15) نرمی اور درگزر کا طریقہ اختیا ر کرنے والے 7:199 (16)اللہ کا دیا ہواقانون نہ توڑنے والے 4:5(17) معروف کی تلقین اور منکرسے روکنے والے (بہتر ہے کہ قرآن سے معروف اور منکر کی بھی ایک فہرست بنا لی جائے) 3:104, 3:110, 9:71,9:67 (18)جاہلوں سے نہ الجھنے والے 7: 199(19) اپنی جانوں اور مالوں سے جہاد کرنے والے (دین حق کے اقامت کی جدوجہد) متعدد 9:44(20)اللہ کی آیات پر نکتہ چینییاں کرنے والے ظالموں کے ساتھ نہ بیٹھنے والے البتہ نصیحت کرنے والے 6: 68-69(21)اللہ کا ذکر سن کر جن کے دل لرز جاتے ہیں، دل گرویدہ رکھنے والا 8: 50, 2:33(22) معاہدوں کی پاسداری کرنے والے 8:56, 9:4 (23) سچے لوگوں کا ساتھ دینے والے 9:119(24)بے دیکھے اپنے رب سے ڈرنے والے، حساب کے دن کا کھٹکا رکھنے والے۔ 21:49(25)جھوٹی باتوں سے پرہیز کرنے والے 22:30 (26) اللہ کے ساتھ یکسوئی اور کسی کو بھی شریک نہ کرنے والا 22:31(27)اللہ کی مکمل اطاعت اور بندگی کرنے والے26:110 متعدد آیات(28)رسول ﷺ کی اطاعت کرنے والے 33:71 متعدد آیات(29) نبی کریم ﷺ کا احترام کرنے والے 49:2-3(30)کفار و منافقین کی اطاعت نہ کرنے والے33:1(31)اللہ کے حدود کی نگہداشت کرنے والا50:33(32)اللہ سے رزق مانگنے والے 29:17 (33) اللہ کا شکر ادا کرنے والے29:17(34) اللہ کی طرف رجوع کرنے والے 30:31, 50:33 (35)عورتیں دبی زبان سے کسی غیر مرد سے بات نہ کریں (صاف اور سیدھی بات کرنے والیاں)33:32(36)قول سدید (درست بات) کہنے والے33:70(37) راتوں کو کم سونے والے(نماز تہجد) 51:17(38)رات کے پچھلے پہر میں معافی مانگنے والے 3:18, 51:18(39) اللہ اوراس کے رسول ﷺ کے آگے پیش قدمی نہ کرنے والے (یعنی ان کے تابع رہ کر پیچھے چلنے والے، ان کے فیصلے کی موجودگی میں اپنا فیصلہ نہ کرنے والے) 49:1(40)ایک دوسرے کا مذاق نہ اڑانے والے49:11(41)ایک دوسرے پر طعن نہ کرنے والے 49:11(42)ایک دوسرے کو برے القاب سے نہ پکارنے والے 49:11(43)بہت گمان نہ کرنے والے49:12 (44)تجسس نہ کرنے والے 49:12(45)غیبت نہ کرنے والے 49:12(46)اللہ کی خوشنودی کے لیے حج اور عمرہ کرنے والے2:196(47)ایک دوسرے کا مال ناروا طریقے سے نہ کھانے والے2:188 (48) سود سے بچنے والے2:278(49)شہادت حق دینے والے اور شہادت کو نہ چھپانے والے2:283
میری فہرست تو 95 فی صد مختلف نکلی ۔آپ کیا کہتے ہیں؟

jawed@seerahwest.com

 

 

Your Comment